بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کے بارے میں انڈین پریمیئر لیگ سے ریٹائرمنٹ کی افواہیں گردش میں ہیں، جس کے بعد شائقین کرکٹ کے درمیان چہ مگوئیاں تیز ہو گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی نے انڈین پریمیئر لیگ میں اپنی فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور کے ساتھ سن 2026 کے سیزن کے لیے نیا تجارتی معاہدہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد ان کے مستقبل کے حوالے سے کئی سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کوہلی کے اس اقدام کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ ممکنہ طور پر انڈین پریمیئر لیگ سے بھی ریٹائرمنٹ کا سوچ رہے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے نہ تو ویرات کوہلی اور نہ ہی رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کوہلی نے مبینہ طور پر اس لیے نیا معاہدہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ فرنچائز میں نوجوان کھلاڑیوں کو جگہ دی جا سکے۔ اگرچہ یہ فیصلہ کسی حتمی علیحدگی کا اشارہ نہیں، لیکن اس نے ریٹائرمنٹ کی افواہوں کو مزید تقویت دی ہے۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی گزشتہ 18 مسلسل سیزن سے رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کرتے آ رہے ہیں اور رواں سال ٹیم نے پہلی مرتبہ انڈین پریمیئر لیگ کی ٹرافی اپنے نام کی تھی۔