فلکیاتی ماہرین کے مطابق 23 اکتوبر کی شام آسمان پر ایک نہایت دلکش اور نایاب فلکی منظر دیکھنے کو ملے گا، جب چاند کا باریک ہلال، سیارہ مریخ اور عطارد ایک ہی سیدھ میں آسمان پر نمایاں ہوں گے۔ یہ منظر سورج کے غروب ہوتے ہی جنوب مغربی افق پر واضح طور پر دکھائی دے گا، جو فلکیات کے شوقین افراد کے لیے ایک خوبصورت موقع ثابت ہوگا۔
امریکی ویب سائٹ اسپیس کی رپورٹ کے مطابق اس شام چاند صرف 6 فیصد روشن ہوگا اور یہ سورج کے غروب ہونے کے تقریباً پانچ ڈگری کے فاصلے پر نظر آئے گا۔ چاند کے ساتھ ہی مریخ اور عطارد بھی نسبتاً ایک دوسرے کے قریب ہوں گے، جس سے تینوں فلکی اجسام ایک خاص اور نایاب فلکی ترتیب میں دکھائی دیں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موسم صاف ہوا تو ناظرین یہ منظر ننگی آنکھ سے بھی دیکھ سکیں گے۔ تاہم بائنکیولرز یا ٹیلی اسکوپ کے استعمال سے یہ منظر اور بھی واضح، روشن اور خوبصورت دکھائی دے گا، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو فلکی مظاہر کا قریب سے مشاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ یہ فلکی ترتیب زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہے گی۔ ماہرین فلکیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ سورج کے غروب ہونے کے فوراً بعد جنوب مغرب کی سمت دیکھیں تاکہ اس حسین فلکی مظاہرے کو دیکھا جا سکے۔