اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع کے حل کے لیے ہر سطح پر بھرپور اور مسلسل کوششیں کر رہے ہیں تاکہ خطے میں کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ اسلام آباد میں مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد سے متعلق جاری سفارتی کوششوں پر بھی بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع کے دیرپا اور پائیدار حل کے لیے سفارتی چینلز کو فعال رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا، جبکہ وزیر داخلہ نے جنگ بندی میں توسیع کے اقدام کو سراہتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو مثبت قرار دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ جنگ بندی میں توسیع ایک خوش آئند پیش رفت ہے، اور وزیراعظم و فیلڈ مارشل اس مسئلے کے پرامن حل کے لیے ہر ممکن سطح پر اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ تمام فریقین سفارتی ذرائع کو ترجیح دیتے ہوئے پرامن حل کی جانب پیش رفت کریں گے۔























































































