کراچی: شاہراہ بھٹو پر مسلح ڈاکوؤں نے ایک شہری سے 25 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہونے کی واردات کی، جس میں ملزمان نے گاڑی کو ٹکر مار کر شہری کو روکنے کے بعد اسلحے کے زور پر رقم چھین لی۔
متاثرہ تاجر حفیظ الرحمٰن کے مطابق گزشتہ رات وہ لانڈھی داؤد چورنگی سے اپنی گاڑی میں شاہراہ بھٹو کے راستے ڈیفنس جا رہے تھے، اور قیوم آباد کے قریب پہنچنے پر ملزمان نے پیچھے سے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری۔
انہوں نے بتایا کہ حادثہ سمجھ کر جب وہ گاڑی سائیڈ پر روک کر ملزمان سے بات کرنے کے لیے نیچے اترے تو اسی دوران قیوم آباد کی جانب سے چار موٹر سائیکلوں پر سوار افراد موقع پر پہنچے اور انہیں یرغمال بنا لیا۔
متاثرہ شہری کے مطابق ملزمان نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور زبردستی دوبارہ گاڑی میں لے جا کر پائیدان پر رکھا ہوا 25 لاکھ روپے سے بھرا بیگ اٹھا لیا، جبکہ مزاحمت کرنے پر انہیں اسلحے کے بٹ مار کر زخمی بھی کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ واردات کے بعد ملزمان نے انہیں گاڑی میں بٹھایا اور اسلحے کے زور پر موقع سے روانہ کر دیا، جبکہ بعد میں دیکھا گیا کہ ملزمان موٹر سائیکلوں اور ایک کار میں سوار ہو کر قیوم آباد سے بلوچ کالونی کی جانب غلط سمت میں فرار ہو گئے۔
حفیظ الرحمٰن نے فوری طور پر مددگار 15 کو اطلاع دی اور اپنے دفتر کو بھی آگاہ کیا، جس کے بعد ٹول پلازا کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی، جس میں ملزمان کو ان کے برابر والے بوتھ پر ٹول ادا کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان جس گاڑی میں سوار تھے اس کا رجسٹریشن نمبر جعلی نکلا، جبکہ واقعے کی ایف آئی آر درج کرنے کے بجائے رپورٹ روزنامچے میں درج کر لی گئی ہے۔






















































































