حکومت نے پاسپورٹ کے نظام کو مکمل طور پر آن لائن اور جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ شہریوں کو پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری کی سہولت فراہم کرنے کیلئے بھی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پاسپورٹس و امیگریشن ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں پاسپورٹ نظام میں اہم اصلاحات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں اصولی فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل میں پاسپورٹ کے اجرا کا نظام مکمل طور پر ای پاسپورٹ پر منتقل کیا جائے گا، جس سے جعلسازی اور دھوکہ دہی کے امکانات میں نمایاں کمی آئے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شفافیت، سیکیورٹی اور عوامی سہولت میں اضافہ ہوگا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پریمیم سروس حاصل کرنے والے شہری پاسپورٹ کی اصل لاگت کے مطابق فیس ادا کریں گے۔
حکام کے مطابق ملک کے اندر اور بیرون ملک پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری سروس کیلئے ابتدائی تیاری مکمل کر لی گئی ہے اور جلد شہریوں کو ان کی دہلیز پر پاسپورٹ فراہم کیا جائے گا۔
اجلاس میں یکم جولائی سے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں نقد رقم کے بغیر ادائیگی کا نظام نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
مزید برآں، آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کو “پاک آئی ڈی” پلیٹ فارم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ درخواست دینے کا عمل مزید آسان، تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بزنس پاسپورٹ پالیسی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے تعاون سے جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی جاری کی۔
اجلاس کے دوران ڈی جی پاسپورٹس و امیگریشن محمد علی رندھاوا نے مختلف اصلاحاتی منصوبوں اور آئندہ اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔





















































































