امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان لڑائی کے دوران 11 طیارے گرائے گئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ رکوا کر 3 کروڑ افراد کی جانیں بچائیں۔
ٹرمپ کے مطابق پاکستانی وزیراعظم نے بھی ان سے کہا تھا کہ جنگ رکوانے کے نتیجے میں 3 کروڑ افراد کی زندگیاں محفوظ ہوئیں۔
امریکی صدر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں اپنے کردار کا متعدد بار ذکر کر چکے ہیں، تاہم بھارت کی حکومت ان کے ان دعوؤں پر مسلسل ناراضی کا اظہار کرتی رہی ہے۔
ٹرمپ کے تازہ بیان کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت ایک بار پھر سیاسی تنقید کی زد میں آ سکتی ہے، جبکہ بھارتی حزب اختلاف کانگریس کو بھی حکومت پر تنقید کا نیا موقع مل گیا ہے۔
گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے اسرائیل میں اپنی مقبولیت کا بھی ذکر کیا اور دعویٰ کیا کہ وہاں ان کی مقبولیت 99 فیصد تک تھی۔ انہوں نے امریکی یہودی ووٹرز کی جانب سے ڈیموکریٹک پارٹی کی حمایت پر بھی حیرت کا اظہار کیا۔





















































































