کراچی کے علاقے کلفٹن میں بینک کے باہر ڈکیتی کی واردات کے دوران ہونے والی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا، جبکہ ملزمان بینک سے نکلوائی گئی 50 لاکھ روپے کی رقم میں سے 25 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جنوبی مہزور علی کے مطابق آکاش نامی نوجوان اپنے والد اور ایک ساتھی کے ہمراہ تین تلوار کے قریب واقع ایک نجی بینک سے 50 لاکھ روپے نکلوا کر بوٹ بیسن میں واقع دوسرے بینک میں رقم جمع کرانے کے لیے پہنچا تھا۔ جیسے ہی وہ بینک کے باہر پہنچے، مسلح ملزمان نے ان کی گاڑی پر حملہ کر دیا۔
پولیس کے مطابق واردات کے دوران بینک کے سیکیورٹی محافظ نے فائرنگ کی، جس پر ملزمان نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں نوجوان آکاش موقع پر جاں بحق ہو گیا، جبکہ ملزمان 25 لاکھ روپے پر مشتمل ایک تھیلا لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے ہر پہلو سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والا 28 سالہ آکاش پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر تھا اور اپنے والد کے ہمراہ بینک سے رقم لے کر نکلا تھا۔ واقعے کے بعد فائرنگ کرنے والے سیکیورٹی محافظ کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔























































































