اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے لیے ملک کی پہلی ایمپلائمنٹ پالیسی اور ہر سال اسٹارٹ اپس کے لیے 10 فیصد کوٹا مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اب تک 7 لاکھ قابل طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ فراہم کرچکی ہے۔
نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے لیے پہلی ایمپلائمنٹ پالیسی متعارف کرانے کا اعلان کیا، جبکہ ہر سال اسٹارٹ اپس کے لیے 10 فیصد کوٹا مختص کرنے کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے میرٹ کی بنیاد پر 7 لاکھ قابل طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے، تاہم ماضی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے پر یہ طعنہ دیا جاتا تھا کہ نوجوانوں کو رشوت دی جارہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دوسروں کے لیے لیپ ٹاپ صرف ایک مشین ہوسکتی ہے لیکن ہمارے لیے لیپ ٹاپ ایک مشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر نوجوانوں کو جدید تعلیم کے سفر میں شامل نہ کیا گیا تو ملک پیچھے رہ جائے گا، جبکہ نوجوانوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے بغیر ترقی کا حصول ممکن نہیں۔
وزیراعظم نے دانش اسکولوں کا دائرہ دیگر صوبوں تک بڑھانے کا بھی اعلان کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اگلے سال اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی قائم کی جائے گی، جہاں نوجوانوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر کسی نوجوان کے پاس پیسے نہیں لیکن مطلوبہ نمبر موجود ہیں تو دانش یونیورسٹی کے دروازے اس کے لیے کھلے ہوں گے۔





















































































