اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے نومولود بچوں کے لواحقین کے لیے فی کس 50 لاکھ روپے مالی معاوضے کا اعلان کردیا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت سانحے سے متاثرہ خاندانوں کے غم اور دکھ میں برابر کی شریک ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون اور معاونت فراہم کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق پمز اسپتال کے سانحے میں جاں بحق ہونے والے ہر بچے کے لواحقین کو 50 لاکھ روپے مالی معاوضہ دیا جائے گا۔
حکومت نے واضح کیا کہ مالی معاوضہ کسی بھی صورت انسانی جان کا نعم البدل نہیں ہوسکتا، تاہم اس اقدام کا مقصد غمزدہ خاندانوں کو درپیش مشکلات کم کرنے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
وفاقی حکومت نے ایک بار پھر یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ خاندانوں کو اس مشکل وقت میں ہر ممکن تعاون اور معاونت فراہم کی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال کی نرسری میں آگ لگنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔
نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے تھے، جبکہ ایک بچے کو ریسکیو کرلیا گیا تھا۔






















































































