وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے امتحانات میں خراب نتائج کی صورت میں ٹیچرز کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہوا، جس میں مریم نواز نے جماعت نہم کے امتحانی نتائج پر برہمی کا اظہار کیا۔
اجلاس میں طلبہ کے نتائج کو ٹیچرز کی کارکردگی سے منسلک کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ خراب امتحانی نتائج پر ٹیچرز کے خلاف قانونی کارروائی، نیا آرڈیننس لانے اور ہر جماعت میں ماہانہ و سالانہ امتحانات شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مریم نواز نے اگلے ہفتے مکمل ٹائم لائن اور اصلاحاتی منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی، جبکہ نویں جماعت کے 20 فیصد سے کم نتائج پر فوری کارروائی کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے بہترین نتائج دینے والے اسکولوں کے لیے انعامات کا اعلان کرنے اور سرکاری اسکولوں میں سبجیکٹ اسپیشلسٹ کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہیڈ ٹیچرز کی خالی آسامیاں 45 دن کے اندر پُر کی جائیں۔
اجلاس میں تعلیم کے میدان میں کمزور طلبہ کے لیے ایوننگ کوچنگ شروع کرنے اور اسکولوں کی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
مریم نواز نے آؤٹ سورس کیے گئے اسکولوں کی کارکردگی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیچرز کی محنت طلبہ کے نتائج میں واضح طور پر نظر آنی چاہیے۔






















































































