ایف آئی اے امیگریشن کراچی کی کارروائی میں عمرہ سفر کی آڑ میں بحرین اور جمہوریہ پلاؤ کے راستے غیرقانونی طور پر آسٹریلیا جانے کے مبینہ نئے روٹ کا انکشاف ہوا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کی امیگریشن ٹیم نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے اس مبینہ کوشش کو ناکام بنایا۔
امیگریشن کلیئرنس کے دوران سعودی عرب کے عمرہ ویزوں پر روانہ ہونے والے تین پاکستانی مسافروں کے رویے کو مشکوک سمجھتے ہوئے انہیں مزید جانچ پڑتال کے لیے روک لیا گیا۔
مسافروں کی شناخت ندیم اقبال، شہزاد علی اور سمر شہزاد کے ناموں سے ہوئی ہے، جو حافظ آباد اور سرگودھا کے رہائشی ہیں۔
حکام کے مطابق تفصیلی جانچ کے دوران مسافروں کی سفری دستاویزات اور موبائل فونز کا جائزہ لیا گیا، جس میں بحرین کے وزٹ ویزے اور جمہوریہ پلاؤ کے ویزے بھی پائے گئے۔
مسافروں نے بتایا کہ ان کا منصوبہ سعودی عرب میں تقریباً تین روز قیام کے بعد بحرین اور وہاں سے جمہوریہ پلاؤ جانے کا تھا۔
مسافروں کے مطابق ملتان کے رہائشی ایجنٹ نعیم مرشد نے مبینہ طور پر فی مسافر 25 لاکھ روپے کے عوض ویزوں اور سفری انتظامات کا بندوبست کیا تھا۔




















































































