وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شفاف توانائی کی پیداوار میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے امریکی ادارہ راکی ماؤنٹین انسٹیٹیوٹ کے ماہرین نے ملاقات کی۔ اس موقع پر مشیر وزیراعظم شہزاد ارباب، ملک امین اسلم، معاون خصوصی ندیم بابر و دیگر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں امریکی ماہرین نے وزیر اعظم عمران خان کو ماحول دوست پالیسیوں اور قوانین کیلئے اپنی خدمات پیش کیں۔ وزیر اعظم نے امریکی ماہرین کی جانب سے ان کے تعاون کی پیشکش کا خیرمقدم کیا۔
عمران خان نے کہا کہ امریکی ادارے کی خدمات سے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت بننے والی عمارتوں کو ماحول دوست بنایا جاسکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شفاف توانائی کی پیداوار میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔