بلوچستان میں گزشتہ روز بم حملے کا نشانہ بننے والی جعفر ایکسپریس کی آج کوئٹہ سے روانگی منسوخ کر دی گئی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس اپنی مقررہ روانگی کے مطابق چلی، تاہم 13 اگست کو پشاور سے اور 14 اگست کو کوئٹہ سے روانہ ہونے والی ٹرین سروس معطل رہے گی۔
ترجمان پاکستان ریلوے نے مزید بتایا کہ کراچی سے کوئٹہ آنے والی بولان میل ٹرین 16 اگست کو اپنی مقررہ روانگی کے مطابق کراچی سے روانہ ہوگی۔ جعفر ایکسپریس پر گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے سپیزینڈ میں بم دھماکے کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ٹرینوں کی روانگی کا شیڈول تبدیل کیا گیا۔
واضح رہے کہ حملے میں متاثرہ جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو ٹکٹ کی رقم واپس کر دی گئی ہے۔ دھماکے کا واقعہ مستونگ کے قصبے میں ریلوے ٹریک پر پیش آیا، جس کے نتیجے میں ٹرین کا انجن اور پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، تاہم خوش قسمتی سے چار مسافروں کو صرف معمولی زخم آئے۔