اسلام آباد: پاکستان نے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی فوری اسپاٹ خریداری کا فیصلہ کرتے ہوئے عالمی کمپنیوں سے 3 ایل این جی کارگوز کے لیے بولیاں طلب کر لی ہیں تاکہ توانائی کی ضروریات کو بروقت پورا کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے ان کارگوز کے لیے بولیاں 24 اپریل تک طلب کی ہیں، جبکہ اسی روز بولیوں کو باضابطہ طور پر کھولا بھی جائے گا تاکہ شفاف عمل کے تحت سپلائرز کا انتخاب کیا جا سکے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ تینوں کارگوز کے لیے بولیاں اپریل اور مئی کی سپلائی کے لیے طلب کی گئی ہیں، جس کے تحت پہلے کارگو کی ترسیل 27 سے 30 اپریل کے درمیان متوقع ہے۔
اسی طرح دوسرے کارگو کی سپلائی یکم سے 7 مئی کے دوران جبکہ تیسرے کارگو کی ترسیل 8 سے 14 مئی کے درمیان رکھی گئی ہے، تاکہ مسلسل گیس فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔






















































































