فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران ایران نے امریکا میں اپنے میچز کے حوالے سے نئی شرط عائد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اسٹیڈیم میں متنازع جھنڈے لہرائے گئے یا ایرانی ٹیم کے خلاف سیاسی نعرے بازی کی گئی تو میچ روک دیا جائے گا۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کے وزیر کھیل احمد دنیا مالی نے کہا ہے کہ اس معاملے پر فیفا کو باقاعدہ آگاہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فیفا کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ مصر کے خلاف میچ کے دوران اسٹیڈیم میں کوئی ناخوشگوار یا خلل پیدا کرنے والا واقعہ پیش نہیں آئے گا۔
واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں وینکوور میں ہونے والی فیفا کانگریس کے دوران بعض مظاہرین نے ایرانی ٹیم پر عالمی کپ میں شرکت پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔
مظاہرین کا مؤقف تھا کہ ایرانی ٹیم عوام کے بجائے ریاستی اداروں کی نمائندگی کرتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایرانی ٹیم کو حالیہ دنوں میں دیگر مسائل کا بھی سامنا رہا، جن میں ایرانی شائقین کیلئے مختص ٹکٹوں کی منسوخی بھی شامل ہے۔
ایرانی فٹ بال ٹیم اس وقت میکسیکو کے شہر تیخوانا میں تربیتی کیمپ میں موجود ہے اور میچز کیلئے محدود مدت کیلئے امریکا میں داخل ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق ٹیم ہر میچ کے بعد دوبارہ میکسیکو واپس جائے گی۔
گروپ جی میں شامل ایران اپنی مہم کا آغاز 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گا۔
اس کے بعد ایران اسی میدان میں بیلجیم کا سامنا کرے گا جبکہ 26 جون کو سیئٹل میں مصر کے خلاف اپنا آخری گروپ میچ کھیلے گا۔























































































