صنعا: یمن کی انصار اللہ تنظیم کے سینئر اہلکار محمد البخیتی نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثیوں نے اہم عالمی بحری گزرگاہ باب المندب پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حوثیوں نے یمن کے مغربی صوبے تعز میں کئی اہم علاقوں کے ساتھ فوجی اڈوں الخالد اور جبل النصر پر بھی قبضہ کرلیا ہے جبکہ ان کی فورسز بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع اسٹریٹیجک شہر المخا کے داخلی علاقوں تک پہنچ گئی ہیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حوثیوں نے المخا ایئرپورٹ پر بھی قبضہ کرلیا ہے جبکہ مزاحمت کرنے والی فورسز کے بڑی تعداد میں اہلکاروں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔
باب المندب عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے، جہاں سے تیل، گیس اور غذائی اجناس سمیت بڑی مقدار میں سامان بحری جہازوں کے ذریعے منتقل کیا جاتا ہے۔
المخا بھی اسٹریٹیجک اور فوجی لحاظ سے اہم مقام رکھتا ہے کیونکہ یہاں سے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں کی نقل و حرکت کی نگرانی کی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب یمن کی صدارتی قیادت کونسل کے صدر رشاد العلیمی نے خبردار کیا ہے کہ باب المندب کے قریب عسکری صورتحال میں ہونے والی تبدیلیوں کے اثرات سوئز کینال تک پہنچ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باب المندب کے اطراف موجودہ عسکری صورتحال عالمی تجارت کو متاثر کرسکتی ہے، اس لیے یمن کے ساحلی علاقوں کا تحفظ صرف یمن ہی نہیں بلکہ عرب ممالک اور عالمی برادری کی بھی ذمہ داری ہے۔
باب المندب پر مکمل کنٹرول اور دیگر علاقوں پر قبضے سے متعلق انصار اللہ کے دعوؤں کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔






















































































