جامعہ کراچی نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے معروف اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند دینے کی منظوری دے دی۔
اعزازی سند دینے کی باقاعدہ منظوری وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کے زیر صدارت منعقدہ یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ کے اجلاس میں دی گئی تاہم سنڈیکیٹ کے تین اراکین نے اس سلسلے میں اپنے تحفظات کا اظہار اور مخالفت کی، تینوں اراکین جامعہ کراچی میں حکومت سندھ کی جانب سے نامزد ہیں۔
سنڈیکیٹ کے تین اراکین کی مخالفت کا انکشاف سنڈیکیٹ کے اجلاس کے بعد اجلاس کی جاری کی گئی روداد میں ہوا جس میں کہا گیا ہے کہ معروف اسکالر ڈاکٹر ذاکر عبدالکریم نائیک کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند دینے کے سلسلے میں خط یکم اکتوبر کو گورنر سیکریٹریٹ سے موصول ہوا۔
روداد سے معلوم ہوا ہے کہ سنڈیکیٹ نے اکثریتی رائے سے مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند دیے جانے کی منظوری دی ہے تاہم سعدیہ جاوید، شاہدہ رحمانی اور صاحبزادہ معظم قریشی نے تحفظات کا
اظہار کیا اور خاص طور پر خواتین کے حوالے سے ان کی رائے سے اختلاف کیا۔