اسلام آباد:بجلی کی قیمتوں میں ایک ماہ کے لیے 70 پیسے فی یونٹ کمی کا امکان ہے۔
نیپرا بجلی سستی کرنے کی درخواست پر آج سماعت کرے گا، چیئرمین نیپرا وسیم مختار اتھارٹی ممبران کے ہمراہ درخواست پر عوامی سماعت کریں گے۔
حکام کے مطابق سی پی پی اے نے ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست جمع کرا رکھی ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ نیپرا اتھارٹی سماعت کے بعد جاری کرے گی۔
ذرائع کے مطابق صارفین کو نومبر کے بلوں میں کمی کا ریلیف ملے گا۔
دوسری جانب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
یکم نومبر سے اگلے پندرہ روز کے لیے 2 سے 3 روپے فی لیٹر تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی اوسط قیمتیں تقریباً 1.5 ڈالر اور 2.5 ڈالر فی بیرل کم ہوئی ہیں۔ موجودہ ٹیکس ریٹس اور شرح تبادلہ کے حساب سے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں 3 روپے اور 2 روپے 30 پیسے فی لیٹر کی تنزلی ہوسکتی ہے۔
عالمی منڈی میں پیٹرول کی اوسط فی بیرل قیمت 77.5 ڈالر کے مقابلے میں 76 ڈالر پر آگئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کے فی بیرل نرخ 86.5 ڈالر سے کم ہو کر 84 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کیے گئے.
موجودہ 15 روز کے دوران پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر امپورٹ پریمیم 8.7 ڈالر اور 5 ڈالر فی بیرل پر مستحکم رہا۔
واضح رہے کہ اس وقت پیٹرول کی ایکس ڈپو فی لیٹر قیمت 247 روپے 3 پیسے اور ڈیزل کے ایکس ڈپو نرخ 251 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہیں.