پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں آج بھی نہیں چاہتیں کہ بھٹو کوانصاف ملے۔
سپریم کورٹ میں ذوالفقار علی بھٹو صدارتی ریفرنس پر سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کی 12سال بعد ریفرنس کی سماعت ہوئی، 2018 میں درخواست دائرکی تھی کہ ریفرنس پر جلد سماعت کی جائے، ہمیں قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کے لیے انصاف چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہےکہ ہمیں انصاف ملےگا، کچھ قوتیں آج بھی نہیں چاہتیں کہ بھٹو کوانصاف ملے، چاہتےہیں کہ عوام کے سامنےیہ بات آئےکہ ذوالفقار علی بھٹو بے قصور تھے، ریفرنس میں جو سوال اٹھائے گئے ہمیں ان کا جواب چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عدالت سےاپیل ہے کہ تاریخ کو درست کرے اور اپنے ہاتھوں سے یہ خون دھوئے، ذوالفقار علی بھٹو کے قاتلوں کو بے نقاب کرے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اور اس قوم کو بتایا جائے کہ ذوالفقار بھٹو قاتل نہیں تھا، جس شخص کے قتل کا الزام تھا وہ آج بھی زندہ ہے، پریس کانفرنس کر رہا ہے، عوام کا اس ادارے پر اعتماد بحال کرنا ہے، اس وقت کے نظام کو عوام کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی سمت ہر جماعت اور ہر شخص کا حق ہے اسے انصاف فراہم کیا جائے، ملک کے عوام اس وقت تک انصاف نہیں مل سکتا جب کہ قائد عوام کو انصاف نہ ملے، پاکستانی عدالت کو انصاف فراہم کرنے والا ادارہ تسلیم نہیں کریں گے جب تک کہ قائد عوام کو انصاف نہ ملے۔