اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا ہےکہ آبادی روکنے کے لیے اقدامات نہ کیے تو یہ ملک کی تباہی ہوگی اور اس کے اثرات بہت برے ہوں گے۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں سیکریٹری صحت عدالت میں پیش ہوئے۔
جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ حکومت کو بتا دیں کہ آبادی روکنے کے لیے اقدامات نہ کیے تو یہ ملک کی تباہی ہوگی، ہمارے وسائل کم ہو رہے ہیں، آبادی کوکنٹرول نہ کیا گیا تو اس کے اثرات بہت برے ہوں گے۔
چیف جسٹس پاکستان نے سیکریٹری صحت کو اس حوالے سے ہر تین ماہ بعد پیشرفت رپورٹ دینے کی بھی ہدایت کی۔
جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ آبادی کنٹرول کرنے کی سفارشات حکومت نے مان لی تھیں، آبادی کنٹرول سے متعلق کل فیصلہ جاری کریں گے۔