ڈیرہ غازی خان کے علاقے تونسہ میں چیک پوسٹ لکھانی پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈی پی او کے مطابق دہشت گردوں نے سحری کے وقت پولیس چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے دہشت گرد فرار ہو گئے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ غازی خان کی سرحدی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو شاباش دی اور کہا کہ ڈیرہ غازی خان پولیس نے بہادری کے ساتھ خوارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور حملہ پسپا کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان پولیس نے پہلے بھی دلیری کے ساتھ خوارجی دہشتگردوں کے حملوں کو پسپا کیا ہے، پنجاب پولیس نے پروفیشنل انداز میں خوارجی دہشتگردوں کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا اور مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔