پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں ان کی نااہلی کی استدعا کی گئی ہے۔ یہ درخواست شہری اشبا کامران کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بلاول بھٹو بیک وقت دو سیاسی جماعتوں کے رکن ہیں، جو کہ الیکشن ایکٹ کی صریح خلاف ورزی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق بلاول بھٹو نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی بلکہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے بھی رکن ہیں، جب کہ انتخابی قوانین کے مطابق کسی بھی فرد کو بیک وقت دو مختلف سیاسی جماعتوں کی رکنیت رکھنے کی اجازت نہیں ہے۔
درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایسی صورت میں بلاول بھٹو زرداری قومی اسمبلی کے رکن رہنے کے اہل نہیں ہیں، اس لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو ہدایت کی جائے کہ وہ اس معاملے پر ایک ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجیں تاکہ ان کی نااہلی کا فیصلہ کیا جا سکے۔
درخواست میں وفاقی وزارت قانون، الیکشن کمیشن آف پاکستان، اور بلاول بھٹو زرداری کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ اس آئینی اور قانونی خلاف ورزی پر کارروائی کرے اور آئندہ کے لیے قانون کی بالادستی کو یقینی بنائے۔