پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش کو 57 رنز سے شکست دے کر 2021 کے بعد پہلی بار ہوم سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے دیے گئے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 144 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور 57 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بنگلہ دیش کی طرف سے تنظیم حسن 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ تنزید حسن نے 33 اور مہدی حسن نے 23 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کے اسپنر ابرار احمد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ حسن علی، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاداب خان، خوشدل شاہ اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے پہلے پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان نے 74 رنز کی جاندار اننگز کھیلی، محمد حارث نے 41 اور حسن نواز نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 51 رنز اسکور کیے۔ سلمان آغا نے 19 اور صائم ایوب نے 4 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی طرف سے محسن محمود اور تنظیم حسن نے دو، جب کہ راشد حسین نے ایک وکٹ حاصل کی۔