مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج شام کوئٹہ میں منعقد ہوگا، جس میں محرم الحرام 1447 ہجری کے چاند کی رویت کا فیصلہ اور اعلان کیا جائے گا۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ میں ہوگا، جبکہ زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرز میں منعقد کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ قومی خلائی ادارے سپارکو نے محرم الحرام کے چاند سے متعلق پیشگوئی جاری کی ہے، جس کے مطابق چاند کی پیدائش 25 جون 2025 کو سہ پہر 3 بج کر 32 منٹ پر متوقع ہے، جبکہ 26 جون کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 28 گھنٹے اور 15 منٹ ہوگی۔
ماہرین فلکیات کے مطابق ملک کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور چاند کے غروب ہونے کے درمیان 75 منٹ کا وقفہ ہوگا، جو چاند دیکھنے کے لیے انتہائی موزوں تصور کیا جا رہا ہے۔
فلکیاتی تجزیے کے مطابق اگر 26 جون کی شام مطلع صاف رہا تو چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔ اس پیشگوئی کی بنیاد پر امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یکم محرم الحرام 1447 ہجری 27 جون 2025 بروز جمعہ کو ہوگی۔