محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ آج اسلام آباد، کشمیر، خیبرپختونخوا اور بالائی و وسطی پنجاب کے بیشتر مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک اور کہیں کہیں موسلا دھار یا شدید موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح جنوبی پنجاب، جنوب مشرقی سندھ اور شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اس سلسلے میں پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں بارشیں ہوں گی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکمے تیار رکھیں۔ انہوں نے صوبائی کنٹرول روم اور ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو بھی الرٹ کر دیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق کنٹرول روم میں موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے 1122 سمیت دیگر ریسکیو اداروں کو مشینری اور عملے سمیت تیار رہنے اور نشیبی علاقوں سے فوری پانی نکالنے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بارشوں کا یہ سلسلہ یکم جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ بجلی کے کھمبوں، لٹکتی تاروں، کچے مکانوں اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے والدین کو تلقین کی ہے کہ وہ بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب نہ جانے دیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ لاہور، ساہیوال، پتوکی، سانگلہ ہل، حجرہ شاہ مقیم، شیخوپورہ، مانانوالہ، مریدکے، سرگودھا، سلانوالی، فیصل آباد، چنیوٹ، گوجرہ اور گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔