ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج آل راؤنڈر کیرون پولارڈ نے ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرتے ہوئے ایک منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا۔
گزشتہ روز امریکا میں جاری میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) کے دوران ایم آئی نیویارک کی نمائندگی کرتے ہوئے پولارڈ نے اپنا 700 واں ٹی20 میچ کھیل کر دنیا کے پہلے کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا جنہوں نے اتنے زیادہ ٹی20 مقابلے کھیلے ہوں۔
اس تاریخی میچ میں، 37 سالہ پولارڈ نے سان فرانسسکو الیون کے خلاف 16 گیندوں پر 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ بولنگ میں بھی 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
تاہم، وہ اس میچ کو اپنی ٹیم کے لیے یادگار کامیابی میں تبدیل نہ کر سکے، کیونکہ 246 رنز کے تعاقب میں ایم آئی نیویارک کو 47 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔