کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم مرطوب رہنے اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ چند علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمے کا کہنا ہے کہ فی الوقت کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہیں، تاہم جنوب مغرب کی جانب سے ہوائیں چلنے کا امکان موجود ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مون سون سسٹم کے زیر اثر جمعہ سے اتوار کے دوران بارش متوقع ہے۔ مون سون کے پہلے اسپیل کا آغاز جمعہ کی شام سے ہو سکتا ہے، جبکہ ہفتے کے روز وقفے وقفے سے تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمے نے خبردار کیا ہے کہ ہفتے کو ہونے والی تیز بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ اتوار کو بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔