شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے دفاع کے اجلاس کے دوران بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اس وقت ناراض ہو گئے جب کانفرنس کے مشترکہ اعلامیے میں پہلگام واقعے کا ذکر شامل نہیں کیا گیا۔ اس ناراضگی کے نتیجے میں انہوں نے اعلامیے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔
یہ اجلاس چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقد ہوا، جس میں تمام رکن ممالک کے وزرائے دفاع نے شرکت کی۔ اعلامیے کا جائزہ لینے کے بعد راج ناتھ سنگھ نے اعتراض اٹھایا کہ اس میں پہلگام واقعہ، جسے بھارت اہمیت دیتا ہے، کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ بھارت اس سے قبل برکس سربراہی اجلاس کے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط سے انکار کر چکا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، اس بار ایس سی او کے مشترکہ اعلامیے میں بھارت پر بلوچستان میں بالواسطہ بدامنی پھیلانے کا الزام بھی شامل کیا گیا، جسے نئی دہلی نے ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔
اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی، جبکہ بھارت کی نمائندگی راج ناتھ سنگھ نے کی۔ دونوں وزرائے دفاع اجلاس میں ایک ہی میز پر موجود تھے، تاہم دونوں کے درمیان کسی بھی قسم کی دو طرفہ ملاقات طے نہیں ہو سکی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت کا یہ رویہ ایک بار پھر غیر تعمیری سفارتی طرز عمل کی عکاسی کرتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب عالمی اور علاقائی سطح پر برکس اور ایس سی او جیسے پلیٹ فارمز کے ذریعے امن، تعاون اور سلامتی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔