ملک کے مختلف حصوں میں گزشتہ تین دنوں کے دوران ہونے والی شدید بارشوں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 50 تک جا پہنچی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 5 جولائی تک پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جن کے باعث ان علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ لاحق ہے۔
مزید برآں، محکمہ موسمیات نے آزاد کشمیر، اسلام آباد اور پوٹھوہار ریجن میں بھی طوفانی بارش کی پیشگوئی جاری کی ہے۔ لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، اٹک، چکوال اور جہلم کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔
پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ میں بھی موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔ اسی طرح ہزارہ، ملاکنڈ اور دیگر بالائی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈسلائیڈنگ کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے، جبکہ چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ایک ویڈیو پیغام میں شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں سیلاب کا خدشہ ہے، اس لیے حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔