دیر بالا کے نوجوان ساجد زیب کی محبت نے سرحدیں پار کر لیں، جب امریکہ سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی اس کی محبت میں پاکستان آ پہنچی۔ سوشل میڈیا پر دونوں کی تصاویر وائرل ہو چکی ہیں، جس کے بعد یہ جوڑی عوام اور صارفین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ساجد زیب کا تعلق اپر دیر کے علاقے عشیرئی درہ صدیقہ بانڈہ سے ہے۔ دونوں کے درمیان فیس بک پر کئی سال سے رابطہ جاری تھا جو آہستہ آہستہ دوستی سے محبت میں بدل گیا۔
امریکی لڑکی اگرچہ ابھی عشیرئی درہ نہیں پہنچی، تاہم وہ پاکستان آ چکی ہے اور جلد ہی دیر بالا پہنچنے والی ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فریق شادی کے خواہش مند ہیں اور خاندانوں کے درمیان مشاورت کا عمل جاری ہے تاکہ معاملات کو باضابطہ شکل دی جا سکے۔
دونوں کی اس بین الاقوامی محبت کی کہانی پر سوشل میڈیا صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔ یاد رہے، یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی غیر ملکی لڑکی نے فیس بک دوستی کے بعد پاکستان کا رُخ کیا ہو۔ اس سے قبل بھی کئی خواتین پاکستانی نوجوانوں کی محبت میں پاکستان آ چکی ہیں، جن میں کچھ کہانیاں کامیاب اور کچھ ادھوری رہ گئیں۔