اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر جلد سماعت کرانے کے لیے اپنی سیاسی اور قانونی سرگرمیوں میں غیر معمولی تیزی پیدا کر دی ہے اور مختلف سطحوں پر کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔
ہائی کورٹ میں 190 ملین پاؤنڈز کے اہم کیس میں سزا معطلی کی درخواست کی جلد سماعت کو یقینی بنانے کے لیے پارٹی رہنماؤں اور وکلا کی جانب سے مسلسل رابطے اور اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ معاملے کو جلد از جلد فہرستِ سماعت میں شامل کیا جا سکے۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے اس مقدمے کو فوری طور پر مقرر کرنے کی ہدایت جاری کی تھی، تاہم اب تک بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی سزا معطلی کی درخواست کسی بھی تاریخ کے لیے فکس نہیں ہو سکی اور معاملہ تاحال زیر التوا ہے۔
آج اس سلسلے میں عمران خان کی بہن علیمہ خان چیف جسٹس کے چیمبر میں خصوصی طور پر پیش ہوئیں تاکہ کیس کی جلد سماعت کے لیے اپنی استدعا براہِ راست پیش کر سکیں۔ اس موقع پر وکلا نیاز اللہ نیازی، نعیم حیدر پنجوتھا اور خالد یوسف چوہدری بھی عدالت میں موجود تھے جبکہ اسی دوران انتظار حسین پنجوتھا اور ایڈووکیٹ علی بخاری بھی ہائی کورٹ پہنچے اور کارروائی کا حصہ بنے۔