اسپن بولدک سیکٹر میں پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والا افغان طالبان کے اہم ترین عصمت اللہ کرار کیمپ مکمل تباہ کردیا گیا، کیمپ میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کو تربیت دی جاتی تھی۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے افغان طالبان اوردہشتگردوں کے پاکستان پر بزدلانہ حملہ ایسا کرارا جواب دیا جسے دشمن مدتوں یاد رکھے گا۔
پاک فوج نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسپن بولدک سیکٹر میں پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والا سب سے بڑا کیمپ عصمت اللہ کرار کیمپ پاک فوج نے مکمل طور پر تباہ کردیا اور کیمپ کی تباہی کی فوٹیج جاری کردی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ کیمپ افغان طالبان کا اہم ترین مرکز تھا جہاں فتنۂ خوارج کے دہشتگردوں کو تربیت دی جاتی تھی اور اسے پاکستان مخالف کارروائیوں کے لیے لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں افغان طالبان کے متعدد کیمپس، پوسٹس اور ہیڈکوارٹرز بھی نشانہ بنے۔
بریکوٹ بیس کیمپ، درانی کیمپ، منوجہ کیمپ، جنڈوسر پوسٹ، ترکمانزئی پوسٹ اور کرزئی پوسٹ مکمل طور پر تباہ کردی گئیں۔
کارروائی کے دوران افغان طالبان کے کئی جنگجو ہلاک ہوئے جبکہ متعدد ہتھیار اور یونیفارم چھوڑ کر بھاگ نکلے۔
اس کے علاوہ کُرم اور باجوڑ کے سامنے افغان حدود میں قائم دہشتگرد مراکز اور حمایت کاروں کی پوسٹس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ شپولا ہلا، برابچہ، دوران میلا اور لیو بند قلعہ عبداللہ میں قائم تربیتی مراکز ملبے کا ڈھیر بن گئے۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج نے کارروائی کے دوران افغان طالبان کی اکیس پوزیشنز پر قبضہ کرلیا اور کئی چوکیوں پر سبز ہلالی پرچم لہرا دیا، افغان رجیم کو اہم مراکز کی تباہی کے بعد شدید پریشانی کا سامنا ہے۔