اٹک میں ایک منفرد اور حوصلہ افزا اقدام کے تحت تھیلیسیمیا کا شکار 18 سالہ منیبہ مقصود کو ایک دن کے لیے اعزازی ڈپٹی کمشنر مقرر کر دیا گیا۔
منیبہ مقصود اپنے والدین کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس پہنچیں، جہاں ضلعی انتظامیہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں خصوصی مہمان کے بجائے عزم، حوصلے اور امید کی علامت کے طور پر خوش آمدید کہا گیا۔
راؤ عاطف رضا کی جانب سے منیبہ کو ایک روز کے لیے اعزازی ڈپٹی کمشنر مقرر کیا گیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کی سرکاری نشست سنبھالی اور ضلعی انتظامیہ کے مختلف امور، ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
اس موقع پر منیبہ مقصود نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی زندگی کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک ہے۔
انہوں نے کہا، “آج صرف میرے لیے ایک دن نہیں بلکہ ایک ایسا خواب ہے جسے میں نے کبھی حقیقت بنتے ہوئے نہیں سوچا تھا۔ اگرچہ میں ایک بیماری کے ساتھ زندگی گزار رہی ہوں، لیکن میرے خواب بہت بڑے ہیں۔ اس کرسی پر بیٹھنے سے مجھے یہ یقین ملا ہے کہ زندگی پھر بھی خوبصورت ہو سکتی ہے اور اگر امید کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے تو کوئی بھی خواب ناممکن نہیں ہوتا۔”
شہریوں اور سماجی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تھیلیسیمیا اور دیگر بیماریوں کا سامنا کرنے والے بچوں اور نوجوانوں کے لیے امید، حوصلے اور خوداعتمادی کا ایک مثبت پیغام ہے۔
ماہرین کے مطابق ایسے اقدامات نہ صرف خصوصی بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت سوچ اور شمولیت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔





















































































