وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ محمود خان اچکزئی کا احترام کرتے ہیں، تاہم تحریک انصاف کے اراکین کے درمیان ان کی موجودگی انہیں عجیب محسوس ہوتی ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے اپوزیشن جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ماضی کی سیاسی تلخیوں کو بھلا کر ایک نئے میثاقِ جمہوریت پر اتفاق کریں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں تمام سیاسی جماعتوں سے غلطیاں ہوئی ہیں، لیکن بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کے درمیان ہونے والے میثاقِ جمہوریت نے ملکی سیاست کو مثبت سمت دی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 1990 کی دہائی کی سیاست سب کے سامنے ہے اور سیاسی جماعتوں کو ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کا تقدس برقرار رکھنا ہر رکن کی ذمہ داری ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ماضی میں پارلیمان کے اندر شدید کشیدگی اور تلخ مناظر دیکھنے کو ملے، تاہم بعد ازاں سیاسی قیادت نے مفاہمت کا راستہ اختیار کیا۔
انہوں نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آئین، پارلیمانی روایات اور جمہوری نظام کو سب سے زیادہ نقصان تحریک انصاف کی قیادت نے پہنچایا۔
خواجہ آصف کے مطابق تحریک انصاف کے اندر خود جمہوری روایات موجود نہیں ہیں اور ایک فرد کے گرد گھومنے والی سیاست دیرپا نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیاسی ماحول میں مکالمے اور جمہوری روایات کے فروغ کی ضرورت ہے تاکہ پارلیمانی نظام کو مضبوط بنایا جا سکے۔





















































































