ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مفاہمت ایک دوطرفہ عمل ہے، اگر امریکا مفاہمتی یادداشت پر اپنے وعدوں پر عمل کرے گا تو ایران بھی اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرے گا۔
اپنے بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ غیر معقول بیانات، شیخی بگھارنے اور بے بنیاد دھمکیوں کے مقابلے میں ایران کا مؤقف واضح اور مستقل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران فیصلہ سازی میں عقل، دانش اور انسانی وقار کو بنیادی اصول سمجھتا ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر اپنے دفاع کے لیے فیصلہ کن اور نڈر اقدامات کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
اس سے قبل مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ قطر میں منجمد ایرانی اثاثوں میں سے 6 ارب ڈالر جلد جاری کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر کے منجمد اثاثوں میں سے نصف رقم ایران کو منتقل کیے جانے کی توقع ہے۔
ایرانی صدر کے مطابق یہ پیش رفت جاری سفارتی مذاکرات اور خطے میں کشیدہ صورتحال کے باوجود سامنے آ رہی ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ معاملات مسلسل تبدیل ہو رہے ہیں اور مذاکراتی عمل جاری ہے۔






















































































