وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستان نے افغانستان میں دہشتگردوں کے دو کیمپوں کو فضائی کارروائی میں نشانہ بنایا، جس میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 22 دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں۔
وزارت اطلاعات نے بتایا کہ یہ کارروائی آپریشن غضب للحق کے تسلسل میں کی گئی اور افغانستان میں دو مقامات پر قائم دہشتگردوں کے کیمپوں کو ہدف بنایا گیا۔
وزارت کے مطابق مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر اہداف کو انتہائی درستی سے تباہ کیا گیا۔ کارروائی میں فتنہ الخوارج کے متعدد دہشتگرد مارے گئے، جبکہ ہلاک ہونے والوں کی ابتدائی تعداد 22 بتائی گئی ہے۔
وزارت اطلاعات نے کہا کہ افغانستان کا بدستور دہشتگردی کا مرکز بنے رہنا انتہائی تشویش ناک ہے اور پاکستان کو درپیش دہشتگردی کا خطرہ افغانستان سے پیدا ہورہا ہے۔
وزارت کے مطابق اسی صورتحال کے تناظر میں پاکستان نے دہشتگردوں کے مراکز کو نشانہ بنایا۔
وزارت اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستانی شہریوں کی سلامتی اور تحفظ اولین ترجیح ہے اور پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے لیے کوششیں کی ہیں۔




















































































