کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ بھارت کینیڈا کی خودمختاری کا احترام کرے، کینیڈا کی سالمیت پرحملہ ناقابل قبول اوربین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بیان میں کہا کہ کینیڈا بھارت کی خودمختاری اور سالمیت کا احترام کرتا ہے۔ اور بھارت سے توقع کرتے ہیں وہ کینیڈا کی خودمختاری کا احترام کرے۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا اور بھارت کے درمیان طویل اور تاریخی تعلقات رہے ہیں لیکن اب خاص طور پر سکھ کمیونٹی کو تشویش، غصہ اور پریشانی ہے، کینیڈا کی سالمیت پر حملہ ناقابل قبول اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اس لئے کارروائی کی تاکہ کینیڈا کے شہری اپنے ملک میں خود کو محفوظ سمجھیں۔
جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا میں پبلک سیفٹی کے خلاف مجرمانہ کارروائیوں کو روکنا ضروری تھا۔ اور تحقیقات میں جو ثبوت سامنے آئے ہیں ان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
کینیڈین وزیر اعظم نے کہا کہ سکھ کمیونٹی کے خلاف پرتشدد واقعات کی تحقیقات کرائی گئیں۔ اور بھارت سے کہا کینیڈا میں تعینات 6 اہلکاروں کا سفارتی استثنیٰ ختم کرے۔ لیکن بھارت نے سفارتی اہلکاروں کو پوچھ گچھ کا حصہ بنانے سے انکار کیا۔ بھارت سے کہا کہ تحقیقات کی روشنی میں پوچھ گچھ کے لیے تعاون کرے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے سلسلے میں برطانیہ، امریکہ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کیا اور اس سلسلے میں بھارت کے وزیر خارجہ جے شنکرسے بات کی۔ بھارت پر زور دیتے رہیں گے کہ وہ تحقیقات میں تعاون کرے۔