اسلام آباد آرمی ایکٹ ترمیمی بل 2023 توثیق کے لئے صدر مملکت عارف علوی کو ارسال کردیا گیا، صدر کی توثیق سے بل فوری نافذ العمل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق آرمی ایکٹ ترمیمی بل 2023 توثیق کے لئے صدر مملکت عارف علوی کو ارسال کردیا گیا ، کنٹونمنٹس ترمیمی بل2023 بھی صدر مملکت کو ارسال کیا گیا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے بل صدر مملکت کو بھجوائے صدر کی توثیق سے بل فوری نافذ العمل ہوں گے۔
قومی اسمبلی نے گزشتہ روز یہ بل منظور کئے تھے جبکہ سینیٹ پہلے ہی ان بلز کی منظوری دے چکی ہے۔
بل کے متن میں کہا گیا تھا کہ آرمی آفیسر ریٹائرمنٹ کے دو سال تک سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکے گا، قانون کی خلاف ورزی پر ریٹائرڈ افسر کو دو سال سزا ہوگی۔
بل کے مطابق پوزیشن کے حامل افسر کو پانچ سال تک کسی عہدے کے حصول پر پابندی ہوگی جبکہ سلامتی، مفاد میں حاصل معلومات غیرمجاز انکشاف پر بھی پانچ سال تک قید کی سزا ہوگی۔
متن کے مطابق آرمی چیف یا بااختیار افسر کی اجازت سے انکشاف کرنے والے کو سزا نہیں ہوگی۔
بل کے متن میں کہا گیا تھا کہ الیکٹرانک کرائم میں ملوث فرد کے خلاف الیکٹرانک کرائم قانون کے تحت کارروائی ہوگی جبکہ فوج کو بدنام کرنے یا نفرت انگیزی مواد پھیلانے پر دو سال تک قید اور جرمانہ ہوگا۔