بارش برسانے والا نیا سسٹم آج پاکستان میں داخل ہوگا جس کی وجہ سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے الرٹ جاری کرتے ہوئے پورے صوبہ کے ڈپٹی کمشنرز کو مشینری سمیت عملہ کوالرٹ رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔
اسلام آباد میں بارش کا آغاز ہو گیا، محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے تین گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اعلامیے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، ساہیوال، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور اور لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے صوبہ بھر کی مقامی انتظامیہ کوالرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈبل ون ڈبل ٹو سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملہ الرٹ رکھیں۔
نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں۔ عوام الناس کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں اور بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب نہ جانے دیں۔
بارش برسانے والا سسٹم آج ملک میں داخل ہو گا جس سے پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے جبکہ سندھ کے کچھ علاقوں میں 26 ستمبر سے 28 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔
موسلادھار بارش سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی متوقع ہیں، جس کے باعث رابط سڑکوں کو نقصان یا بندش کا سامنا ہو سکتا ہے۔