محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں شدید ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کی بالائی فضا میں موجود ہائی پریشر ایریا کل سے مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث صوبے کے بیشتر علاقوں میں 31 مئی تک درمیانی سے شدید ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔
محکمے نے عوام، خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کاشت کاروں کو بھی موسمی حالات کے مطابق فصلوں اور مویشیوں کی حفاظت اور دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سکھر، لاڑکانہ اور دادو سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح تھرپارکر، بدین، حیدرآباد، میرپورخاص اور جامشورو میں پارہ 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب اور کھپت میں اضافے کا بھی امکان ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری بجلی کے استعمال سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں پیر اور منگل کے دوران درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ بدھ کو 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں پیر اور منگل کو جنوب مغرب کی سمت سے سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی، جس سے موسم میں جزوی بہتری رہنے کی توقع ہے۔
























































































