بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ نے پلے بیک گلوکاری میں واپسی کر لی ہے اور وہ ایک نئی بالی وڈ فلم کے گانے کے ذریعے دوبارہ مداحوں کے سامنے آ رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اریجیت سنگھ فلم ‘آوارہ پن 2’ کے پہلے گانے ‘یہ آوارہ پن’ میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ اس گانے کے لیے انہوں نے ایک بار پھر فلم کے پروڈیوسر وشیش بھٹ کے ساتھ کام کیا ہے، جبکہ موسیقی امل ملک نے ترتیب دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ گانا آج، 21 جولائی کو، مختلف اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر ریلیز کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پروڈیوسر وشیش بھٹ چاہتے تھے کہ یہ گانا فلم میں عمران ہاشمی کے کردار ‘شیوام پنڈت’ کے جذباتی سفر کی بھرپور عکاسی کرے، جس کے لیے ان کے خیال میں اریجیت سنگھ کی آواز بہترین انتخاب تھی۔
یاد رہے کہ اریجیت سنگھ نے رواں سال کے آغاز میں انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کو نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے پلے بیک گلوکاری سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا، جس پر ان کے مداحوں نے افسوس کا اظہار کیا تھا۔ اب ان کی واپسی کی خبر نے موسیقی سے محبت کرنے والوں میں ایک بار پھر جوش پیدا کر دیا ہے۔























































































