کراچی کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کہا ہے کہ اس نے ایک وفاقی انٹیلی جنس ادارے کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں کالعدم سندھودیش لبریشن آرمی (ایس ایل اے) سے مبینہ تعلق رکھنے والے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار افراد مدد علی عرف علی ولد علی اکبر اور جنید علی عباسی ولد امان اللہ عباسی ہیں۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ان کے قبضے سے استعمال کے لیے تیار دیسی ساختہ بم اور ایک دستی بم ملا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ میں دونوں نے بتایا کہ انہیں ایس ایل اے نے عسکری تربیت دی تھی۔ حکام کا الزام ہے کہ مشتبہ افراد نے کراچی میں پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اہم عمارتوں اور دفاتر کی نگرانی کی تھی اور وہاں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

















































































