ماہرین فلکیات کے مطابق کل، 28 مئی کو سورج خانہ کعبہ کے بالکل اوپر سے گزرے گا، جس کے باعث دنیا بھر کے مسلمان قبلہ رخ کا درست تعین بآسانی کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق، پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 18 منٹ پر سورج بیت اللہ کے عین اوپر ہو گا۔ اس مخصوص وقت پر سورج کی شعاعیں عمودی ہوں گی اور بیت اللہ کا سایہ زمین پر بالکل نہیں ہو گا، جب کہ دنیا بھر میں موجود اشیاء کے سائے خانہ کعبہ کی سمت کے مخالف رخ میں پڑیں گے۔
اس وقت کو استعمال کرتے ہوئے لوگ کسی بھی سیدھی چیز، جیسے لکڑی یا چھڑی، کو زمین پر عموداً کھڑا کرکے اس کے سائے کی سمت کو نشان زد کر کے قبلہ کا درست رخ معلوم کر سکتے ہیں۔ یہ قدرت کی طرف سے قبلہ کی درست سمت جانچنے کا ایک قدرتی اور سادہ طریقہ ہے، جسے ہر سال مخصوص دنوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق، اگر کوئی اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے تو اگلا موقع 16 جولائی کو میسر آئے گا، جب سورج دوبارہ خانہ کعبہ کے بالکل اوپر سے گزرے گا۔ اس وقت بھی قبلہ رخ معلوم کرنے کا یہی طریقہ مؤثر ہوگا۔
یہ موقع خاص طور پر ان افراد کے لیے مفید ہے جو ایسے علاقوں میں رہائش پذیر ہیں جہاں قبلہ رخ کا درست تعین کرنا مشکل ہوتا ہے یا جدید ٹیکنالوجی تک رسائی محدود ہوتی ہے۔