عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث یکم جون سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئل انڈسٹری کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق ورکنگ پیپر اوگرا کو ارسال کر دیا گیا ہے، جبکہ اوگرا یکم جون سے قیمتوں میں ردوبدل کی سمری 31 مئی کو حکومت کو بھجوائے گا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق، پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 61 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 28 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔ دوسری جانب، مٹی کے تیل کی قیمت میں 21 پیسے اور لائٹ ڈیزل کے نرخ میں فی لیٹر 1 روپے 30 پیسے اضافے کا امکان ہے۔
حکومت حتمی فیصلہ اوگرا کے ورکنگ پیپر کی بنیاد پر وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی، اور وزارت خزانہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔ حکومت کے پاس یہ اختیار بھی موجود ہے کہ وہ عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف دینے یا اس میں کمی بیشی کا فیصلہ خود کر سکتی ہے۔