وفاقی حکومت آئندہ بجٹ میں نیشنل ٹیرف پالیسی کے تحت پرانی گاڑیوں کی قیمتیں کم کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے اس سلسلے میں آئی ایم ایف کو بھی تجویز دی ہے کہ پرانی گاڑیوں کی درآمد پر لاگو ٹیکسز میں کمی کی جائے، تاکہ عوام کو کم قیمت میں گاڑیاں میسر آ سکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں 5 سال پرانی گاڑیوں کی درآمد کی اجازت دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ گاڑیوں پر عائد ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی کو مرحلہ وار ختم کرنے اور ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کی بھی سفارش پیش کی گئی ہے۔
مزید یہ کہ نئی ریگولیٹری ڈیوٹیز نہ لگانے اور پرانی گاڑیوں پر ہر سال ٹیرف میں 10 فیصد کمی کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آٹو سیکٹر پر غیر ضروری نان ٹیرف رکاوٹیں ختم کرنے اور 2030 تک آٹو سیکٹر کے اوسط ٹیرف کو 6 فیصد سے نیچے لانے کا ہدف بھی طے کیا گیا ہے۔
یہ اقدامات نہ صرف آٹو انڈسٹری میں مقابلے کی فضا کو فروغ دیں گے بلکہ عوام کو بھی زیادہ آپشنز اور کم قیمت پر گاڑیاں حاصل کرنے کا موقع فراہم کریں گے۔