پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت قصور، اوکاڑہ، ننکانہ، شیخوپورہ، مریدکے اور کامونکی جیسے مختلف شہروں میں منگل کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس کی کیفیت پھیل گئی۔
زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 14 کلومیٹر اور مرکز لاہور کے جنوب مغرب میں واقع تھا۔ جھٹکوں کا آغاز صبح 11 بج کر 39 منٹ پر ہوا، جس کے ساتھ ہی لوگ فوری طور پر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دفاتر اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔
ڈان نیوز کے مطابق، لاہور کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی زمین میں لرزش واضح طور پر محسوس کی گئی، جس نے عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔
ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بتایا ہے کہ پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔ عمارتوں کی فوری چیکنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ آفٹر شاکس سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملہ پوری طرح تیار ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حالیہ چند ہفتوں کے دوران کراچی میں بھی زلزلے کے جھٹکے تسلسل سے محسوس کیے گئے ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی وقتاً فوقتاً زمین لرزنے کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔
اگرچہ پنجاب میں عام طور پر زلزلے کے جھٹکے کم محسوس کیے جاتے ہیں، لیکن تازہ زلزلے کی لہر نے صوبے کے کئی شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے باعث شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔