قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان دورہ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز سے باہر ہو گئے ہیں، کیونکہ وہ اس وقت انگلینڈ میں اپنے دائیں کندھے کی تکلیف کا سامنا کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شاداب خان نے رواں ہفتے کندھے کی سرجری کرانے کا حتمی فیصلہ کیا ہے، اور یہ سرجری انگلینڈ میں پی سی بی میڈیکل پینل کی مشاورت سے کی جا رہی ہے۔
سرجری کے بعد شاداب خان کو مکمل صحتیابی کے لیے کم از کم دو ماہ تک کرکٹ سے دور رہنا پڑے گا، جس کے باعث وہ آئندہ دونوں دوروں میں ٹیم کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 20 جولائی سے ہونا ہے، جس کے لیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ سات جولائی سے کراچی میں شروع ہو گا۔
قومی ٹیم 16 جولائی کو ڈھاکہ روانہ ہوگی، جہاں تین ٹی ٹوئنٹی میچز 20، 22 اور 24 جولائی کو شیڈول ہیں۔ شاداب خان کی غیر موجودگی ٹیم کے لیے ایک بڑا خلا ثابت ہو سکتی ہے۔