کراچی میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے الیکٹرانک چالان (ای چالان) کا نظام مسلسل فعال ہے، جس کا مقصد شہر میں نظم و ضبط قائم کرنا اور شہریوں کو ٹریفک قانون کے احترام کی جانب راغب کرنا ہے۔
ٹریفک پولیس کی تازہ رپورٹ کے مطابق پیر کے روز شہر بھر میں مجموعی طور پر 3 ہزار 485 ای چالان جاری کیے گئے۔ ان میں سب سے زیادہ، یعنی 2 ہزار 433 چالان، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر کیے گئے، جسے ٹریفک پولیس نے سب سے عام اور مسلسل دہرائی جانے والی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے ہیلمٹ استعمال نہ کرنے پر 511 چالان جاری کیے گئے، جبکہ دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر 78 ڈرائیور جرمانے کی زد میں آئے۔ اس کے علاوہ غلط سمت میں گاڑی چلانے پر 27، اوور اسپیڈنگ پر 51، اور بس کی چھت پر مسافروں کو بٹھانے پر 45 چالان کا اندراج کیا گیا۔
ٹریفک پولیس نے مزید بتایا کہ زیبرا کراسنگ کی خلاف ورزی پر 5 ڈرائیوروں کے خلاف بھی ای چالان جاری کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کو اپنی روزمرہ عادت بنا لیں، تو حادثات کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔