ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی حالیہ بارشیں جہاں گرمی کی شدت میں کمی کا باعث بنی ہیں وہیں نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کے لئے پی ڈی ایم اے بھی الرٹ ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر ڈیژن میں طوفان کے ساتھ شدید بارشوں کے امکانات ہیں، بالائی اور وسطی پنجاب 2 سے 7 جولائی مون سون طوفانوں کی زد میں رہیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ ریسکیو ادارے جولائی کے پہلے ہفتے میں مستعد رہیں، احتیاطی تدابیر اور بارشوں کے دوران فرائض میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔
پی ڈی ایم اے ترجمان کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی، جھکڑ چلنے کے امکانات ہیں، تیز بارشوں سے پنجاب کے ندی نالے بپھر سکتے ہیں، طوفان سے بجلی کے کھمبوں، سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔موسمی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے موسمی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، عوام الناس سرکاری ہدایات پر عمل کر کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں۔
دوسری جانب کراچی میں مطلع ابر آلود ہے ، سمندری ہوائیں چلنے سے شہر کا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی سمت سے 22 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے۔
ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر قائد کا فضائی معیار بہتر ہے،دنیاکے آلودہ ترین شہروں میں کراچی گیارویں نمبر پر موجود ہے،پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی پانچویں نمبر پر آگیا جبکہ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 96 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی جارہی ہے۔
دوسری جانب تھرپارکر کی تحصیل ننگرپارکر کے مختلف علاقوں میں رات دیر گئے شروع ہونے والی بارش وقفہ وقفہ سے جاری ہے،محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی نوید سنا دی۔ننگرپارکر کے علاقوں میں اب تک 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ،بادل برسنے کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق تھرپارکر کی ننگرپارکر تحصیل میں بارشی سسٹم موجود ہے، تھرپارکر کے مختلف علاقے ابر آلود ہیں۔