اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس جاری ہے، جس میں مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال، توانائی بحران اور دیگر اہم قومی و علاقائی امور پر تفصیلی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور سکیورٹی سے متعلق معاملات زیر بحث ہیں، جبکہ متعلقہ حکام مختلف پہلوؤں پر بریفنگ بھی دے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ایران پر امریکی حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے، اور اس کے ممکنہ اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کے دوران مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے ساتھ ساتھ توانائی بحران کے مختلف پہلوؤں اور اس کے ممکنہ اثرات پر بھی گفتگو کی جا رہی ہے، تاکہ آئندہ کی حکمت عملی ترتیب دی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے تصفیے کے لیے پاکستان کی ممکنہ میزبانی کے معاملے پر بھی بات چیت ہو رہی ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی آج شام صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں موجودہ صورتحال پر مزید مشاورت کی جائے گی۔